ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممتا بنرجی کی وزیر اعظم سے ملاقات -اپوزیشن کے ساتھ بی جے پی کی بھی تنقید

ممتا بنرجی کی وزیر اعظم سے ملاقات -اپوزیشن کے ساتھ بی جے پی کی بھی تنقید

Thu, 19 Sep 2019 11:26:21    S.O. News Service

کولکتہ،19؍ستمبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی قومی راجدھانی دہلی میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات پرجہاں اپوزیشن جماعتیں تنقید کررہی ہیں وہیں بی جے پی بھی ملاقات کے وقت پر سوالیہ نشان لگارہی ہے -خیال ر ہے کہ کل دہلی روانہ ہونے سے قبل ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ وزیرا عظم سے ریاست کے بقایاجات پر گفتگو کرنے جارہی ہیں -تاہم بی جے پی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے ملاقات کے وقت پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سی بی آئی کے ذریعہ آئی پی ایس آفیسر راجیو کمار جو ممتا بنرجی کے قریبی افسر ہیں کے خلاف سی بی آئی کی کارروائی اور انہیں گرفتار کرنے کی کوششوں سے ممتا بنرجی پریشان ہیں اور یہ ملاقات بھی اسی تناظر میں ہورہی ہے - اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی جنہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیراعظم مودی کا فون ریسیو تک نہیں کیا تھا انہیں اچانک ملاقات کرنے کی ضرورت کیوں پیش آگئی-چوں کہ راجیو کمار کی گرفتاری سے ممتا بنرجی کی پریشانی میں اضافہ ہوسکتا ہے اس لیے یہ ملاقات کی جارہی ہے -خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی ممتا بنرجی نے وزیرا عظم مودی کی پالیسیوں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری کمپنیوں کی نج کاری سے عام لوگوں کو شدید نقصان پہنچے گا-انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں سپر ایمرجنسی نافذ ہے -مگر اب اچانک ممتا بنرجی نے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کا فیصلہ کرکے حیران کردیا ہے -کانگریس کے ریاستی صدر سومن مترا،لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیررنجن چودھری سی پی ایم لیڈر سوجن چکرورتی کے علاوہ سی پی ایم لیڈر محمد سلیم نے جہاں اس دورے کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ راجیوکمار کے گرد حصار تنگ ہونے کی وجہ سے ممتا بنرجی دہلی گئی ہیں وہیں بی جے پی نے بھی اپوزیشن جماعتوں کی تنقید سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی مودی سے ملاقات کے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گی اور چٹ فنڈ گھوٹالہ کے ملزمین کے خلاف حصار تنگ ہوکر رہے گا-


Share: